اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران کے خطیب نماز جمعہ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی نے صوبہ صلاح الدین میں داعش کے خلاف عراقی فوج کی حالیہ کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عراقی فوج اور رضا کار فورس کی پیشقدمی داعش دہشت گرد گروہ کی مکمل نابودی تک جاری رہے گی۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گرد گروہوں سے مقابلے میں ہمیشہ عراق کی حکومت اور عوام کے ساتھ رہا ہے اور رہے گا اور اس ملک کی فوج کی مشاورت کررہا ہے۔ آیۃ اللہ خاتمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشت گردی سے مقابلے کے لئے، ایسے وقت میں کہ جب استکباری طاقتوں نے ذرا بھی مدد نہیں کی ، مشاورت اور دیگر مسائل میں عراق کی مدد کی۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے, اتوار سے شروع ہونے والے ایٹمی مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے تک مذاکرات میں قطعی طور پر، حقیقی کامیابی ملت ایران کو حاصل ہوئی ہے کہ جس نے امریکہ کی عہد شکنی اور مکاری بھرے چہرے کو دنیا والوں پر آشکارہ کردیا۔
آیۃ اللہ خاتمی نے فقہاء کی کونسل کے اراکین کے ساتھ ملاقات میں، ایران کے ساتھ مذاکراتی فریقوں کی حیلہ گری پر مبنی رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ختم ہونے کے بعد بھی وہ مختلف بہانوں سے اسلامی انقلاب کی مخالفت کریں گے کیوں کہ انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام سے اختلاف ہے۔ تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا کہ شیطنت امریکی حکمرانوں کی فطرت میں پنہاں ہے اور ایرانی عوام نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی امن پسند اور قابل اعتماد نہیں ہیں ۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان نئے دور کے مذاکرات نے ایک بار پھر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے اس قول کو ثابت کردکھایا ہے کہ امریکہ کبھی بھی قابل اعتماد نہیں ہے۔
.......
/169